ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھوٹ پھیلانا کانگریس کا کاروبار: وزیر اعظم مودی

جھوٹ پھیلانا کانگریس کا کاروبار: وزیر اعظم مودی

Sun, 06 May 2018 13:07:40    S.O. News Service

شیموگہ 5 مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیر اعظم مودی نے کانگریس پر حملے جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بانٹو اور راج کروکی سیاست میں مہارت رکھتی ہے اور بڑے افسوس کی بات ہے کہ وہ ذات کی بنیاد پر مجرموں کی درجہ بندی کرنے سے بھی نہیں ہچکچا تی ۔ کرناٹک اسمبلی کے لئے 12 مئی کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر آج یہاں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جھوٹ پھیلانا کانگریس کا کاروبار بن چکاہے ۔ کانگریس جہاں بھی جاتی ہے لوگوں میں جھوٹ پھیلانے کا کام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ’’بانٹو اور راج کرو‘‘کی پالیسی میں ماہر ہے ۔ وہ لوگوں کو ذات کی بنیاد پر تو بانٹتی ہے ، مگر تب اور دکھ ہوتا ہے جب ذات کی بنیاد پر مجرموں کی درجہ بندی کرنے سے بھی وہ نہیں ہچکچاتی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ’سی‘سے کانگریس اور’سی‘سے کرپشن میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس نے اس پربھی کافی شور شرابہ کیا تھا۔ کرناٹک میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار بی ایس یڈ یورپا کے خلاف بد زبانی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قطعی قابل قبول ہے ۔ مسٹر یڈ یورپا ایک معزز لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیموگہ کے لوگوں سے ان کا پرانا تعلق ہے ۔ یہاں سے شروع کی گئی ترنگا یاترا کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ انہیں اس وقت یہاں کے لوگوں کو خطاب کرنے کا موقع ملا تھا۔ اس سے پہلے مسٹر مودی نے ٹمکورو اور گدگ میں بھی آج منعقدہ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر تیز حملے کئے تھے ۔ٹمکورو کی ریلی میں مسٹر مودی نے کہا کہ اندرا گاندھی کے وقت سے لے کر کانگریس’غربت‘کا مسئلہ اٹھاتی آئی ہے، مگر جب سے غریب کا بیٹا وزیر اعظم بنا، تو کانگریس نے یہ مسئلہ اٹھانا بند کر دیا۔ گدگ کی ریلی میں وزیر اعظم نے کہا کہ 15 مئی کو کرناٹک اسمبلی کے انتخابی نتائج کے بعد کانگریس 'پی پی پی' یعنی پنجاب، پڈوچیري اور پریوار پارٹی بن کر رہ جائے گی۔


Share: